نئی دہلی، 14؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی)اگر کوئی مسافر فلائٹ میں بیٹھ کر ماسک نہیں پہنتا یا بار بار اسے نکال دیتا ہے، اسے جہاز سے اتارا جاسکتا ہے- یہ انتباہ ڈائریکٹوریٹ جنرل ایوی ایشن نے دیا ہے-
طیارہ میں کورونا رہنما خطوط کی خلاف ورزی کی اطلاعات ملنے پر ڈائریکٹوریٹ جنرل ایوی ایشن نے کہاکہ ہوائی جہاز کے اندر مسافرماسک نہیں لگاتا یا کورونا رہنما خطوط کی خلاف ورزی میں ملوث پایا جاتا ہے، اور متعدد انتباہات جاری کیے جانے کے بعد بھی اگر مسافر کے طرز عمل میں بہتری نہیں آتی تو پھر اسے غیر فطری طرز عمل کا شخص تصور کیا جائے گا -
ڈائریکٹوریٹ جنرل کے ذریعہ ہوائی اڈوں کی سکیورٹی میں تعینات سی آئی ایس ایف اور پولیس افسروں کو یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ وہ کسی مسافر کو بغیر ماسک لگائے داخل نہ ہونے دیں - صرف یہی نہیں ہوائی اڈے کے عملہ کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کورونا ہدایت نامے پر عمل کیا جائے اور کوئی مسافر ماسک کے بغیر دکھائی نہ دے-
ڈی جی سی اے نے کہا کہ ان انتباہات پر فوری عمل کیا جانا چاہئے اور اگر کوئی عمل نہیں کرتا ہے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے-